پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے، محمد حسیب شجاع

لورالائی(خ ن) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع کی قیادت میں قومی پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اہلکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب میں ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد، اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی نواز سمیت دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ قومی پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء نے ملکی سلامتی، استحکام اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں بعد ازاں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی گئی جو ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوکر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری۔ ریلی کے شرکاءنے قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی حمایت، حقِ خودارادیت کے حق میں اور بھارتی اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاءنے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مو¿ثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے یکطرفہ اقدامات کیے، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، بنیادی آزادیوں پر عائد پابندیوں اور کشمیری عوام کو درپیش مسائل کی جانب مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے جائز حقوق کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔تقریب سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین نے بھی کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکےتقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاءے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا یہ رشتہ ہمیشہ مضبوط رہے گا اور ان کی جائز جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں