اسلام آباد ۔۔۔۔۔۔پاکستان اور سعودی عرب نے اطلاعات، نشریات، میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی کی ملاقات کے دوران مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام، پاکستانی ڈراموں کے فروغ اور وفود کے تبادلوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی عرب کے سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور ان کا خیرمقدم کیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے نہ صرف معاشی بلکہ ثقافتی میدان میں نمایاں تبدیلی اور ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر العلا میں سیاحت کا فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں اور یہ تعلق محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عطا اللہ تارڑ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان لازوال محبت اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کی۔ فرمان علی نے 2009 میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔ ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے بے پناہ قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کا حامل ملک ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دی۔ عطا اللہ تارڑ نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، فیکٹ چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی جس میں دونوں جانب سے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی آگاہی اور اہم حکومتی اقدامات کی تشہیر کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے جاری کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ کو 80 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا۔ سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے، عطا اللہ تارڑ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل