قومی معیشت کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے مابین مسلسل مکالمہ کلیدی اہمیت رکھتا ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد۔۔۔۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی معاشی چیلنجز کے تناظر میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی معیشت کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے مابین مسلسل مکالمہ کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو لیاقت بلوچ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات پر کھل کر بات چیت ہوئی، بالخصوص کم آمدنی والے شہریوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے امکانات پر توجہ مرکوز کی گئی۔فریقین نے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں بھی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی معاشی چیلنجز کے تناظر میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے مابین مسلسل مکالمہ کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور سپیشل سیکرٹری پٹرولیم نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں