پی ایم ڈی سی منافع قو می بخش ادارہ، نجکاری قبول نہیں: یونس ترین

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) پی ایم ڈی سی ایمپلائز یونین شاہرگ کے جوائنٹ سیکرٹری حاجی محمدیونس ترین نے کہا ہے کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) ایک منافع بخش قومی ادارہ ہے اس کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، وفاقی حکومت قومی ادارے کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیکر ادارے کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حاجی محمدیونس ترین نے کہا کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) ملکی معدنی وسائل کی ترقی، کان کنی کے فروغ اور قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ادارے کے ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری محنت اور لگن سے انجام دے کر ادارے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ منافع بخش قومی اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے بجائے اس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور پیداواری صلاحیت میں اضافے پر توجہ دی جانی چاہیے، پی ایم ڈی سی کو درپیش مسائل حل کرکے اسے مزید منافع بخش اور مضبوط ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔پی ایم ڈی سی ایمپلائز یونین شاہرگ کے جوائنٹ سیکرٹری حاجی محمدیونس ترین نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پی ایم ڈی سی کی نجکاری کے بجائے ادارے میں سرمایہ کاری کرے، ملازمین کے مسائل حل کرے، معدنی شعبے میں اس کے کردار کو مزید وسعت دے، وفاقی حکومت قومی اداروں کے تحفظ، ملازمین کے روزگار کے استحکام اور ملکی معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قومی اور منافع بخش ادارے کی نجکاری سے قبل اس کے معاشی، صنعتی اور ملازمین پر پڑنے والے اثرات کا جامع جائزہ لینا ضروری ہے، پی ایم ڈی سی کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے بجائے اس کے انتظامی و مالی معاملات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ ادارہ مستقبل میں مزید مو¿ثر انداز میں ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکے۔حاجی محمدیونس ترین نے واضح کیا کہ پی ایم ڈی سی ایمپلائز یونین شاہرگ صدر محمد نعیم اور جنرل سیکرٹری نور شاہ کی قیادت میں ملازمین ، اپنے ادارے کے تحفظ ،حقوق کیلئے متحد ہیں اور ادارے کی نجکاری کے فیصلے کی بھرپور مخالفت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں