سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات کے بجائے مل کر کام کرنا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی۔۔۔۔۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے تاریخ رقم کی ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل پر 20 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ ملک کو اب ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے اور اسے تاجروں اور کاروباری طبقے کی خواہشات کے بجائے عوام کی مرضی کے مطابق چلانا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ پہلے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لیں اور اپوزیشن کے ساتھ نئے تنازعات پیدا کرنے کے بجائے افہام و تفہیم سے کام لیں۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن (ایس پی ایچ ایف) کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سندھ اور پاکستان بلکہ دنیا بھر میں گھروں کی تعمیر کے بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ ان کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ گھر بنانے کا ریکارڈ نیپال کے پاس تھا، جہاں سات لاکھ گھر تعمیر کیے گئے تھے، جبکہ سندھ حکومت اب تک 10 لاکھ گھر بنا چکی ہے اور منصوبے کے مکمل ہونے پر یہ تعداد 20 لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اتفاق ہوا ہے کہ عوامی مفاد کے تمام کام مل کر کیے جائیں گے، جس سے عوامی فلاح کے منصوبوں پر پیش رفت آسان ہوگی۔ عوام حکومتوں کی طرف تقسیم اور لڑائی کی سیاست کے لیے نہیں بلکہ اپنی زندگی آسان بنانے اور مسائل کے حل کے لیے دیکھتے ہیں۔ سندھ حکومت کے گھروں کی تعمیر اور مفت علاج جیسے منصوبے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب عالمی اداروں سے اس منصوبے کے لیے بات چیت ہو رہی تھی تو وفاقی حکومت کا مؤقف تھا کہ رقم اسے دی جائے، کیونکہ صوبائی حکومت یہ کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ ان کے بقول وفاقی حکومت کا ارادہ تھا کہ سندھ کے متاثرین کو تیار گھر فراہم کیے جائیں، تاہم سندھ کے موسمی حالات کے پیش نظر یہ طریقہ کار موزوں نہیں تھا۔ انہوں نے عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے سندھ حکومت پر اعتماد کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گھر بنانے کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لی، جہاں تین سال میں 30 ہزار گھر تعمیر کیے گئے، جبکہ سندھ حکومت نے اسی عرصے میں 10 لاکھ گھر بنا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگائے جاتے ہیں، تاہم اگر اس منصوبے میں بدعنوانی ہوتی تو متاثرین کو گھر فراہم نہ کیے جاتے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ عالمی اداروں کو منصوبے کے آڈٹ کی دعوت دیں، کیونکہ ان کے دعوے کے مطابق منصوبے میں کرپشن نہیں ہوئی اور متاثرین کے لیے گھر تعمیر کیے گئے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے ساتھ 10 لاکھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی نظام کو نئے سرے سے استوار کرنا ہوگا اور تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات کے بجائے مل کر کام کرنا چاہیے۔ عوام سیاسی لڑائی نہیں بلکہ ریلیف چاہتے ہیں، اس لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعاون ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے سندھ حکومت کا ساتھ دیا، جبکہ اس سے قبل آنے والی وفاقی حکومت کے دور میں بھی سندھ میں سیلاب آیا تھا لیکن صوبے کو کوئی مالی مدد نہیں دی گئی۔ ان کے مطابق موجودہ وزیراعظم نے کم از کم سندھ کو یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ وفاق سے الگ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت صرف گھر تعمیر نہیں کیے گئے بلکہ متاثرہ خاندانوں کو زمین کی ملکیت بھی دی گئی ہے۔ خاص طور پر خواتین کے نام پر گھروں اور زمین کی رجسٹریشن کی گئی، جو ان کے لیے تحفظ، وقار اور خودمختاری کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کی خوشی دیکھ کر انہیں فخر محسوس ہوتا ہے، کیونکہ وہ سیاست میں عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں، ان پر حکمرانی کرنے کے لیے نہیں۔انہوں نے 2022 کے سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب بارشیں سیلاب میں تبدیل ہوئیں تو کئی علاقے زیر آب آگئے تھے اور متاثرین کے گھر تباہ ہو گئے تھے۔ اس وقت یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کہ اتنے بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر کیسے ممکن ہوگی، تاہم سندھ حکومت نے کام کا آغاز کیا اور تین سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے ایک بڑا سنگ میل حاصل کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں تعلیمی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے سیلاب میں صوبے کے 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے تھے، جبکہ 2010 کے سیلاب میں بھی تعلیمی اداروں کو اسی نوعیت کا نقصان پہنچا تھا۔ ان کے مطابق سندھ کے تعلیمی بحران پر بات تو کی جاتی ہے لیکن قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر دنیا کے بڑے ہاؤسنگ منصوبوں میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ سندھ کے 23 اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ موسمیاتی اثرات سے محفوظ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیر کیے گئے تمام گھروں کی جیو ٹیگنگ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ابتدا میں جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے کی ہدایت کی تو متعلقہ حکام نے اس منصوبے کو ناممکن قرار دیا تھا، تاہم بلاول بھٹو زرداری نے کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور اس منصوبے کو ممکن بنانے کی ذمہ داری خود لی۔ بعد ازاں چیف سیکریٹری سمیت اعلیٰ حکام کے ساتھ مشاورت اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی سے رابطے کے بعد منصوبے پر پیش رفت شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے فنڈز کی تیز رفتار منظوری دی اور چند ماہ میں تمام معاملات طے پاگئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے الزام لگایا جاتا تھا کہ سندھ حکومت نے منصوبے کے لیے خود سیلاب کو موقع بنایا، تاہم حکومت نے اپنی منصوبہ بندی کے ذریعے اس مشکل کو ایک موقع میں تبدیل کیا۔ اب متاثرین کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران انہیں اپنے گھروں کے متاثر ہونے کا خوف نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کا وڑن نہ ہوتا تو یہ منصوبہ ممکن نہیں تھا۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے لیے عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالر فراہم کیے، جبکہ سندھ حکومت نے اپنے فنڈز سے 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا حصہ ڈالا۔ انہوں نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک اور یورپی انویسٹمنٹ بینک کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی نمایاں کامیابی دیہی سندھ کی لاکھوں خواتین کو اپنے گھروں کی مالکن بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے بعد اب پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور سینیٹیشن کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ تقریباً ایک ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری سے 4 ہزار 800 دیہات کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا اگلا ہدف 21 لاکھ گھروں کی تکمیل ہے اور ٹھیکیداروں کے بجائے متاثرہ خاندانوں کو خود اپنے گھر تعمیر کرنے کے لیے بااختیار بنایا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ایس پی ایچ ایف کی صرف 40 افراد پر مشتمل ٹیم نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ کام مکمل کیا، جبکہ اس منصوبے کے اصل ہیرو سندھ کے عوام ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور حوصلے سے گھر تعمیر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت عالمی بینک کے ساتھ پانی، صفائی اور نکاسی آب کے منصوبوں پر بھی بات کر رہی ہے، جبکہ پینے، زراعت اور انڈس ڈیلٹا کے لیے پانی کے مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایس پی ایچ ایف کی ٹیم، عالمی بینک، اسلامی ترقیاتی بینک، یورپی بینک اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہر مرحلے پر منصوبے کی معاونت کی۔ ان کے مطابق جنیوا کانفرنس کے ذریعے بھی سندھ حکومت کے لیے بڑی مالی معاونت حاصل کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں