سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا سندھ اسمبلی کا دورہ، اسپیکر اویس قادر شاہ سے ملاقات

کراچی۔۔۔۔۔۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ اور سینئر رکن قومی اسمبلی میر اعجاز خان جکھرانی کے ہمراہ سندھ اسمبلی کا دورہ کیا اور اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور قانون سازی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔دونوں اسپیکرز نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ، پارلیمانی اداروں کو مزید مستحکم بنانے اور جدید پارلیمانی ترقی کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے وفد کو سندھ اسمبلی کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 3 مارچ 1943 کو اسی اسمبلی میں ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کے حق میں تاریخی قرارداد منظور کی گئی تھی۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے معزز مہمانوں کو سندھ اسمبلی کے تاریخی ایوان اور موجودہ عمارت کا دورہ بھی کرایا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تفصیلی دورے اور پرتپاک میزبانی پر سید اویس قادر شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے مہمانوں کو سندھ اسمبلی کی لیگیسی شیلڈ، سندھ اور اس کی قانون ساز اسمبلی کی تاریخ پر مشتمل کتب، روایتی سندھی ٹوپیاں اور اجرک کے تحائف پیش کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں