وزیراعظم کا اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مسلسل مظالم پر اظہارِ تشویش

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنے کے اسرائیل کے مسلسل غیر قانونی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بارش کے پانی میں ڈوبے خیموں اور غزہ کے بے گھر بچوں کی دل دہلا دینے والی تصاویر انتہائی افسوسناک ہیں، جہاں بچوں کے پاس نہ کوئی محفوظ پناہ گاہ ہے اور نہ ہی انہیں غذائی قلت اور شدید سردی سے بچانے کا کوئی مناسب انتظام میسر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے تسلسل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی فوری طور پر بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں