حکومت گرین بیلٹ ،نصیرآباد میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،میر سلیم کھوسہ

صحبت پور(خ ن)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے گرین بیلٹ میں تعمیر و ترقی کا فروغ حکومت کے وڑن کا اہم حصہ ہے، موجودہ حکومت گرین بیلٹ بالخصوص نصیرآباد ڈویڑن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس بروقت اور آسانی کے ساتھ منڈیوں تک پہنچانے میں سہولت میسر آسکے اور زرعی شعبے کو مزید ترقی دی جاسکے، اس کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی شعبوں میں سرکاری عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروایا جارہا ہے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیرآباد ڈویڑن کے دورے کے موقع پر ضلع صحبت پور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے اور متعلقہ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ کی زیر صدارت ترقیاتی امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات نصیرآباد زون بشیر ناصر نے انہیں روڈز اور بلڈنگز کے شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور تعمیراتی کاموں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کروانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز فدا حسین کھوسہ اور ارسلا رند، ایگزیکٹو انجینئرز عبدالستار بنگلزئی، ارشاد علی سیلاچی، بوستان خان چانڈیو، خلیل احمد عمرانی، عتیق الرحمن، غلام دستگیر زہری، مجیب الرحمن ہاشمی. حاجی ریاض احمد کھوسہ اور عطاءاللہ کھوسہ سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ بعدازاں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کے ہمراہ ضلع صحبت پور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت، معیار اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات بشیر ناصر کو ہدایت کی کہ تمام ایگزیکٹو انجینئرز کو سختی سے پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طور پر کڑی نگرانی کریں اور تعمیراتی کاموں کے دوران موقع پر موجود رہ کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ منصوبوں میں معیاری مٹیریل استعمال ہو اور تعمیراتی امور طے شدہ معیار اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ محض دفتری کارروائیوں تک محدود رہنے کے بجائے عملی طور پر تعمیراتی مقامات پر موجود رہیں، کام کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ناقص تعمیراتی عمل کو ہرگز برداشت نہ کریں۔ میر سلیم خان کھوسہ نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تکمیل نہ صرف عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری ہے بلکہ اس سے محکمے کی ساکھ اور مورال بھی بلند ہوتا ہے، لہٰذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ سرکاری وسائل عوامی مفاد میں شفاف اور مو¿ثر طریقے سے استعمال ہوں، تاکہ بلوچستان کے گرین بیلٹ میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرکے عوامی ضروریات کے مطابق دیرپا اور معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں