چینی سرمایہ کاری سے سندھ میں صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، شرجیل میمن

شنگھائی۔۔۔۔۔سندھ کے سینئروزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے زیر اہتمام شنگھائی میں منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستان اور چین کے سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں 10 حکومتی سطح پر اور 24 کاروباری اداروں کے درمیان طے پانے والے معاہدے شامل ہیں۔اپنے ویڈیو بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کانفرنس میں سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے گئے اور توانائی، کوئلے، جامعات سمیت مختلف شعبوں میں پاک چین کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے اہمیت رکھتی ہے، جبکہ اقتصادی تعاون معیشت کی بہتری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا حصہ دھابیجی خصوصی اقتصادی زون چینی سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ چینی سرمایہ کاروں نے اس زون میں سرمایہ کاری اور صنعتی یونٹس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے سندھ میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ میں نئی صنعتوں کے قیام سے بے روزگاری میں کمی، مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ حکومت سندھ سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری اشتراک کے ذریعے صوبے میں صنعتی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرمایہ کاری کانفرنس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہونے کے ساتھ سندھ میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں