کراچی۔۔۔۔۔۔۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے چین سے تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کراچی میں شہری سیلاب سے پیشگی آگاہی اور ہنگامی ردعمل بہتر بنانے کے لیے آزمائشی منصوبہ شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کراچی میں اسمارٹ سٹی آپریشنز پلیٹ فارم کی تیاری کے لیے ہواوے کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے چین کے شہر ووہان میں ڈیجیٹل گورننس کے نظام اور مصنوعی ذہانت کے کمپیوٹنگ مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ہواوے کے تعاون سے قائم ووہان سٹی آپریشن سینٹر کے کام اور جدید شہری انتظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورے میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو، معاون خصوصی قاسم نوید، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری سرمایہ کاری راجہ خرم شہزاد، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سیکریٹری زراعت زمان ناریجو سمیت دیگر حکام بھی وفد میں شامل تھے۔ووہان سٹی آپریشن سینٹر میں ٹریفک، ہنگامی خدمات اور شہری منصوبہ بندی کے لیے حقیقی وقت کے اعداد و شمار اور مصنوعی ذہانت سے مدد لی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس نظام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو بحران بننے سے پہلے شناخت کرنا اور فوری حل فراہم کرنا جدید طرز حکمرانی کی اہم خصوصیت ہے۔ ٹیکنالوجی اور جدت شہریوں کی زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں اور سندھ حکومت ووہان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو ٹریفک جام، پانی کی فراہمی، کچرے کی تلفی اور شہری سیلاب جیسے بڑے انتظامی مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے حل کے لیے مربوط منصوبہ بندی، بروقت معلومات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے مو¿ثر نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کراچی کے کسی ایک ضلع میں اسمارٹ سٹی آپریشنز پلیٹ فارم کا آزمائشی منصوبہ شروع کیا جائے، جس کی کامیابی کے بعد اسے شہر کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جاسکے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیلاب کی پیش گوئی، ہنگامی امداد اور شہری انتظام بہتر بنانے کے لیے ہواوے سے شراکت داری میں دلچسپی ہے۔ سندھ حکومت محض ٹیکنالوجی کی خریداری کے بجائے طویل مدتی تعاون چاہتی ہے، جس میں ڈیٹا سینٹرز، علم کی منتقلی، تکنیکی تربیت اور سرکاری اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہو۔ انہوں نے سندھ کے افسران کے مطالعاتی دوروں اور ہواوے کے ساتھ جامعات و تکنیکی اداروں کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ووہان آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپیوٹنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں چینی حکام نے بتایا کہ یہ مرکز 2021ئ میں قائم کیا گیا تھا اور اس کی کمپیوٹنگ صلاحیت 400 پیٹافلاپس تک پہنچ چکی ہے۔ مرکز میں جامعات، تحقیقی اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو مصنوعی ذہانت کے جدید وسائل تک رسائی فراہم کی جاتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مشترکہ کمپیوٹنگ بنیادی ڈھانچے کے ذریعے جامعات، محققین اور نئے کاروباری ادارے بھاری سرمایہ کاری کے بغیر جدید کمپیوٹنگ وسائل استعمال کرسکتے ہیں۔ سندھ میں نوجوان آبادی اور تعلیمی اداروں کی موجودگی مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل کاروبار کے فروغ کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کراچی ایجوکیشن سٹی کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ، محققین، انجینئرز اور سرکاری افسران کے لیے تربیتی پروگراموں اور جدید کمپیوٹنگ وسائل تک رسائی بڑھانے پر زور دیا۔سندھ حکومت اور ہواوے کے درمیان اسمارٹ گورننس، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ یہ یادداشت شنگھائی میں سندھ سرمایہ کاری و تجارتی کانفرنس کے موقع پر طے پانے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ووہان کے دورے میں زیر بحث تجاویز کو اس شراکت داری کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ سندھ میں عوامی خدمات بہتر بنانے، تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینے اور جدت پر مبنی ترقی کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا سیلاب سے پیشگی آگاہی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا منصوبہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل