ملکی مفاد اور عوام کی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں،راجہ پرویزاشرف

گوجرخان۔۔۔۔۔۔۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام اگر ضروری ہے تو یہ عمل مکمل طور پر انتظامی بنیادوں،عوامی رائے اور آئین پاکستان کے مطابق ہونا چاہیے،ایسے فیصلوں سے گریز کیا جائے جن سے قومی یکجہتی متاثر ہو اور عوام کے درمیان دوریاں بڑھیں، پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافِ رائے کے باوجود مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرخان میں حق ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں اختلافِ رائے جمہوریت کا حصہ ہے،تاہم ملکی مفاد اور عوام کی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے نئے صوبے قائم کیے جا سکتے ہیں، لیکن اس حوالے سے کالا باغ ڈیم کی طرز کے متنازع فیصلوں سے اجتناب کرنا چاہیے تاکہ قوم میں اختلافات اور دوریاں پیدا نہ ہوں۔ہر فیصلہ پاکستان اور اس کے عوام کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ گوجرخان میں 6 ارب روپے کی خطیر لاگت سے پنجاب یونیورسٹی کیمپس کی جدید عمارت تعمیر کی جائے گی، جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرخان شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے،جہاں کے سپوتوں نے دفاعِ وطن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔علاقے کے بچوں اور بچیوں کو اعلی تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی کا قیام ان کا دیرینہ خواب تھا،جو اب شرمند تعبیر ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے علاقے میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے بتایا کہ گوجرخان میں بہت جلد ایک جدید کڈنی سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ علاقے میں خواتین اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ معیار کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے۔سابق وزیراعظم نے چیئرمین حق ٹرسٹ قاضی شوکت محمود کی سماجی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک قابلِ تحسین عمل ہے اور معاشرے کی بہتری کے لیے ایسے فلاحی اقدامات کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔تقریب سے معروف کاروباری شخصیت،چیئرمین حق ٹرسٹ و سی ای او قاضی کمپنیز قاضی شوکت محمود،پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل گوجرخان کے سرپرستِ اعلیٰ راجہ جاوید اشرف اور پنجاب یونیورسٹی کے اسٹیٹ آفیسر میاں فیصل نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے علاقے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری کوششوں کو سراہا۔اس پروقار تقریب میں پیر سید مخدوم عباس ہمدانی، سابق چیئرمین سید قلب عباس، پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعظم پرویز سمیت معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں