اسلام آباد۔۔۔۔۔وزیردفاع خواجہ آصف نے دعوی کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف حکومت کی دہشت گردوں سے مکمل ملی بھگت اور اس کے سہولت کار ایکو سسٹم کی کافی مثالیں اور شواہد موجود ہیں ،صوبائی حکومت کی دہشت گردی سے مکمل لاتعلقی اور مجرمانہ بے حسی جاری ہے۔سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی صوبے میں دہشت گردی سے مکمل لاتعلقی اور مجرمانہ بے حسی جاری ہے، بس بہت ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نام نہاد ناکام سیاسی لانگ مارچ کےلئے سڑکوں پر گھوم رہی ہے جبکہ ان کے سہولت کاروں نے اسی دوران خیبرپختونخوا کے لوگوں کے خلاف ایک تازہ دہشت گردی کی لہر شروع کر دی ہے، 6اکتوبر کو ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر 5بےگناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جاں بحق 5افراد میں سے دو کسٹم اہلکار تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اس سنجیدہ معاملے سے مکمل طور پر بے حس، پوری صوبائی کابینہ، وزیر اعلی سمیت اپنے سیاسی ناکام لانگ مارچ میں پوری طرح مشغول ہے، ان بے حس اور بے شرم لوگوں نے ہمیشہ کی طرح ڈی آئی خان میں ان 5 افراد کے بے گناہ قتل کی بھی پہلے کی طرح کوئی مذمت نہیں کی، سوگوار خاندانوں سے کوئی تعزیت نہیں کی، ان کے جنازے نہیں پڑھے یا کم از کم دکھانے کی حد تک ہی سہی ان کے گھروں تک جا کر افسوس نہیں کیا۔پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی اعتبار سے نا قابل معافی ہے بدقسمتی سے، اس کے برعکس، وزیراعلی نے رات گئے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو اپنی پارٹی کے کہنے پر گورنر کی سیکیورٹی میٹنگ میں شرکت پر آج سرزنش کرنے کےلئے اجلاس بلا رکھا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ایک صوبہ جو دہشت گردی کی زد میں ہے اس کے وزیراعلی اور اس کی کابینہ نے صوبے کے عوام کو پوری طرح دہشت گردوں کے رحم پر چھوڑ دیا ہے، اسی لیے خیبرپختونخوا کے عوام مختلف علاقوں میں صوبائی حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور یہ مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کا کافی خون بہایا جا چکا ے، اس حکومت کی دہشت گردوں سے مکمل ملی بھگت اور اس کے سہولت کار ایکو سسٹم کی کافی مثالیں اور شواہد موجود ہیں، جو ہر پاکستانی پچھلے تین سال میں اپنی آنکھوں سے بھی دیکھ چکے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف اور اس کا پورا خاندان اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت پی ٹی آئی کے دور میں قید رہی، وقت نے ثابت کیا کہ الزام بس الزام تھے، عمران خان کی فرمائش پر قید کیا جاتا تھا، مگر پاکستان مسلم لیگ (ن)نے پارلیمنٹ میں اپنے رول کو آئینی ذمہ داری سے نبھایا، ملک اور اداروں کو یرغمال نہیں بنایا، عدالتوں اور پارلیمنٹ میں قانونی اور آئینی جنگ لڑی اور طالبان کے اتحادی نہیں بنے۔ وزیردفاع نے کہا کہ اہم فیصلے کرنے کا وقت آ چکا ہے خیبرپختونخوا کو مزید نا اہل، بے حس حکمران اور طالبان کے اتحادیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، ملک کی وحدت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا اور ایک پورے صوبے کو یرغمال نہیں جاسکتا۔
پی ٹی آئی حکومت کی دہشتگردوں سے ملی بھگت کے شواہد موجود ہیں، خواجہ آصف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل