یرغمال بنائے گئے باقی 3پاکستانی بھی بحفاظت بازیاب ہوگئے، اسحاق ڈار

اسلام آباد ۔۔۔۔۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خوش خبری سنائی ہے کہ صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے جہاز پر سوار باقی تین پاکستانیوں کو بھی بحفاظت بازیاب کروالیا گیا ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ہائی جیک ہونے والے جہاز ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے بقیہ 3 ارکان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی عملے کے باقی تین ارکان عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کو کامیابی سے بازیاب کرایا گیا اور یہ تینوں جبوتی میں پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم کے ہمراہ عدیس ابابا پہنچ گئے ہیں۔نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تینوں پاکستانی انشا اللہ ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی جانے والی پہلی دستیاب پرواز سے پاکستان روانہ ہوں گے، 7اکتوبر کو آمد متوقع ہے۔ پاکستان نے صومالیہ کی حکومت اور یورپی یونین نیول فورس کی آپریشن اٹلانٹا ٹیم کے تعاون پر شکریہ ادا کیا جو ایم ٹی آنر 25کے قریب موجود تھی۔حکومتِ صومالیہ اور یورپی یونین نیول فورس آپریشن اٹلانٹا نے عملے کی رہائی یقینی بنانے میں معاونت اور تعاون کیا۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقوں کے خلاف کارروائی اور بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی و آزادی کے تحفظ کے لیے دوطرفہ اور کثیرجہتی تعاون مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں