لاہور۔۔۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے ان کے ماموں کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت خیبرپختونخوا ہ کی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا ہ حکومت سے ہونے والے مذاکرات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا ہ حکومت تحریری معاہدے پر دستخط اور 72 گھنٹوں میں عملدرآمد کا منصوبہ دینے پر رضامند ہوئی تھی تاہم مذاکرات کے حتمی مرحلے میں طے شدہ نکات سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کئے گئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کرانا ہوگا، کسی کو ملک یا صوبے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، دہشتگردی کے خلاف ریاست کا موقف واضح ہے، امن و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات میں خیبرپختونخوا ہ میں امن و امان اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا ہ کی صورتحال پر آئندہ کے ممکنہ اقدامات زیر غور آئے، امن و امان کی بحالی اور ریاستی رٹ یقینی بنانے کیلئے مختلف آپشنز اور آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم کی محسن نقوی سے ملاقات، ماموں کے انتقال پر تعزیت ،فاتحہ خوانی کی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل