صوبائی محتسب اعلیٰ کے ریجنل ڈائریکٹر کا گرلز ڈگری کالج کا دورہ

جیکب آباد ( انیس جکھرانی)صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر علی اکبر جاگرانی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جیکب آباد کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کالج کی طالبات، لیکچرارز اور پرنسپل سے ملاقات کی اور انہیں صوبائی محتسب کے ادارے کے فعال کردار، کارکردگی اور عوامی شکایات کے سریع الوجود ازالے کے طریقہ کار پر ایک تفصیلی اور جامع آگاہی لیکچر دیا۔آگاہی لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر علی اکبر جاگرانی نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ عوام کو بلا تاخیر اور مفت انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ اگر کسی بھی صوبائی سرکاری ادارے، افسر، ملازم یا پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ کسی قسم کی انتظامی ناانصافی یا بدعنوانی کی جائے تو متاثرہ افراد بغیر کسی ہچکچاہٹ کے محتسب اعلیٰ کے دفتر میں اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ درخواست دہندگان آن لائن، بذریعہ پوسٹ، ٹی سی ایس یا دستی طور پر اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں جن پر فوری اقدام کیا جاتا ہے۔علی اکبر جاگرانی نے مزید کہا کہ عوامی و ترقیاتی کاموں میں شفافیت قائم رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ علاقے میں نالیوں، ٹف ٹائلز یا سڑکوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال، ٹریڑری آفس میں جائز کاموں کو بلاجواز التوا میں رکھنے، تعلیمی اداروں میں طالبات کی مارک شیٹس کی ترسیل میں تاخیر یا ڈسٹرکٹ کمشنر (ڈی سی) آفس سے ڈومیسائل کے حصول میں درپیش کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں شہری فوری طور پر محتسب اعلیٰ سے رجوع کریں تاکہ متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کر کے شہریوں کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جا سکے۔دورے کے دوران گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل نے ریجنل ڈائریکٹر کو درپیش درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ کالج میں کینٹین کی تعمیر کا کام ایک ٹھیکیدار ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے شدید گرمی اور تعلیمی اوقاف میں طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس مسئلے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر علی اکبر جاگرانی نے پرنسپل اور طالبات کو یقین دہانی کروائی کہ مذکورہ ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کینٹین کی ادھوری تعمیر کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے طالبات کی پریشانی کا سدباب کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں