دارالحکومت کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں عوام کے مفاد میں نہیں،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔۔۔۔۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ دارالحکومت کو میدان تصادم بنانے کی دھمکیاں نہ جمہوری سیاست ہیں نہ عوام کے مفاد میں ہیں۔رہنما تحریک انصاف جنید اکبر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کوسومنات بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے، اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت،25کروڑعوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی سیاست،حکمرانی سے خیبرپختونخوا کو جس بدامنی، بدانتظامی اورسیاسی انتشار سے دوچار کیا، اسے سومنات بنانے کی سیاست نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟ اب اسلام آباد کے بارے میں ایسی زبان اور ایسے عزائم ناقابلِ قبول ہیں۔طارق فضل چوہدری نے کہاکہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، دارالحکومت کو میدان تصادم بنانے کی دھمکیاں نہ جمہوری سیاست ہیں نہ عوام کے مفاد میں، اسلام آباد کو نقصان پہنچانے کا سوچنے کے بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں