جیکب آباد پولیس کی بڑی کارروائی؛ ڈکیتی کا مرکزی ملزم گرفتار

جیکب آباد ( انیس جکھرانی) جیکب آباد پولیس نے کروڑوں روپے کی ڈکیتی کے سنگین کیس میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے قبضے سے لاکھوں روپے کی نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی کے سخت احکامات پر عمل کرتے ہوئے پولیس نے کارروائی کے دوران ایک کروڑ 46 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث اہم ملزم بیٹا عرف رحمت اللہ ولد حمزو قمبرانی جکھرانی کو دبوچ لیا، مذکورہ ڈکیتی کی واردات میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 46 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ اس مقدمے میں نادر شاہ نامزد جبکہ پانچ ملزمان نامعلوم تھے۔پولیس حکام کے مطابق، واقعے کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے خصوصی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں (JIT) تشکیل دی گئی تھیں۔ پولیس نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم بیٹا عرف رحمت اللہ کو گرفتار کیا، جس کی نشاندہی اور قبضے سے ڈکیتی کی رقم میں سے 50 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس ٹی ٹی پسٹل بھی ضبط کیا گیا ہے۔پولیس نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر مزید اہم شواہد اور اشیائ بھی قبضے میں لے لی ہیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر مفرور ملزم نادر شاہ اور نامعلوم شرکا کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی جیکب آباد نے اندھے ڈکیتی کیس کو ٹریس کرکے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے پر شاہین فورس کے انچارج طارق ترین، انچارج سی آئی اے عمر الدین بنگلانی اور انچارج آئی ٹی عامر چھلگری کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے لیے 5 لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں