اب حکمرانوں کو عوام کا حساب دینا ہوگا: ثمینہ سعید

لاہور(پ )قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے شروع ہونے والا احتجاج اب عوامی حقوق کی فیصلہ کن تحریک بن چکا ہے۔ 20 ستمبر کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی فائنل کال پر اسلام آباد کی طرف مارچ حکمرانوں کو عوام کی طاقت کا احساس دلائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بھاری ٹیکسوں، مہنگی بجلی اور پٹرول نے غریب کے گھر کا چولہا ٹھنڈا کر دیا ہے، کسان اور مزدور مشکلات کا شکار ہیں، نوجوان روزگار سے محروم اور تعلیم و صحت کے بنیادی شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں، جبکہ اشرافیہ کی مراعات اور عیاشیاں جاری ہیں۔ اب غریب سے مزید قربانی مانگنے کے بجائے اشرافیہ کی عیاشیوں کا حساب دینا ہوگا۔ثمینہ سعید نے کہا کہ خواتین بھی اس بحران کا براہِ راست نشانہ ہیں۔ جو حکومت خواتین کو اپنی ریڈ لائن قرار دیتی ہے اسے سڑکوں پر موجود ماو¿ں، بہنوں اور بیٹیوں کی فریاد بھی سننی ہوگی۔ عورت بازار میں ہو، گلی محلے میں یا کسی ادارے میں، اسے محفوظ زندگی اور باعزت مستقبل فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تحریک صرف لیوی کے خاتمے کی تحریک نہیں بلکہ عام پاکستانی کے آسان، محفوظ اور باوقار زندگی کے حق کی جنگ ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں یہ جدوجہد اپنے مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔انہوں نے کارکنان، خواتین، طالبات اور عوام سے پرجوش اپیل کی کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ میں بھرپور شرکت کریں، گھروں سے نکلیں اور اپنے حق کی آواز کو فیصلہ کن عوامی طاقت میں تبدیل کریں۔ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں، اپنے حقوق کے لیے میدان میں آنے کا ہے۔20 ستمبر کی بھرپور عوامی شرکت ہی اس جدوجہد کو فتح میں بدلے گی۔ حکمران سن لیں: عوام جاگ چکے ہیں، اب عوام کے حقوق کا فیصلہ عوام کی آواز سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں