عوام کے جائز مطالبات تسلیم کیے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا، ثمینہ سعید

لاہور(پ ر)قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے جماعت اسلامی کے عوامی مطالبات کے حق میں جاری دھرنے کے ستائیسویں روز دھرنے میں شرکت کی اور لاہور بھر سے مختلف تعلیمی شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں حسنِ کارکردگی ایوارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کی صلاحیتوں، محنت اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں لاہور کا فخر قرار دیا۔ثمینہ سعید نے کہا کہ یہ دھرنا صرف احتجاج کا مقام نہیں بلکہ عوامی شعور، خواتین کی جدوجہد، بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کا مرکز بن چکا ہے۔ کبھی یہاں بچوں کا فن فیسٹیول سجتا ہے، کبھی طالبات کے کوئز مقابلے منعقد ہوتے ہیں اور کبھی مختلف تعلیمی میدانوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والی طالبات کی ایوارڈز کے ذریعے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ زندگی کے مسائل سے لڑنے والی قوم اپنی صلاحیتوں اور امیدوں کو بھی زندہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی ان ہونہار بیٹیوں نے ثابت کیا ہے کہ ہماری بچیاں کسی سے کم نہیں۔ تعلیم، تحقیق، کھیل، فنون اور دیگر شعبہ جات میں ان کی کامیابیاں پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ ہماری بیٹیاں ہمارا سرمایہ، ہماری امید اور لاہور کا فخر ہیں۔ ان کی کامیابی دراصل ایک ایسے پاکستان کی تصویر ہے جہاں ہر بچی کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ثمینہ سعید نے کہا کہ ایک طرف جماعت اسلامی کا یہ دوٹوک مو¿قف ہے کہ عوام کے جائز مطالبات تسلیم کیے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا، دوسری طرف اسی دھرنے میں معاشرے کی مثبت، تعمیری اور تخلیقی قوتیں بھی اپنا اظہار کر رہی ہیں۔ یہ دھرنا بتا رہا ہے کہ احتجاج صرف نعرہ نہیں، بلکہ قوم کی اجتماعی بیداری کا نام ہے۔انہوں نے حکومت کی ہٹ دھرمی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگی بجلی، پیٹرولیم لیوی، بھاری ٹیکسوں، مہنگائی اور ناجائز بوجھ سے نجات کا مطالبہ کر رہے ہیں، مگر حکومت سنجیدہ مذاکرات اور عوامی ریلیف کے بجائے مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ حکمران یاد رکھیں کہ عوام کے صبر کو کمزوری سمجھنا بڑی غلطی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے کا طول پکڑنا جماعت اسلامی کی خواہش نہیں بلکہ حکومت کی ہٹ دھرمی اور عوامی مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کا نتیجہ ہے۔ جب تک عوام کو حقیقی ریلیف نہیں ملتا، جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کے ایوارڈز اس عزم کا اظہار بھی ہیں کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں عوام کو سستی بجلی اور بنیادی سہولتیں بھی ملیں، اور ہماری بیٹیوں کو تعلیم، عزت، مواقع اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا حق بھی حاصل ہو۔ثمینہ سعید نے ایوارڈ حاصل کرنے والی تمام طالبات اور ان کے والدین و اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ ہونہار بیٹیاں کل کے پاکستان کی معمار ہیں؛ ان کی کامیابی پر پورا لاہور فخر کرتا ہے۔ اس موقع پر ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران اپنی نائبین کے ہمراہ موجود تھیں #

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں