کراچی…. قطر سے پاکستان کے لیے آنے والی 81 ہزار 936 میٹرک ٹن ایل این جی کی اہم کھیپ پورٹ قاسم پہنچ گئی۔
ترجمان پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق ایل این جی بردار جہاز المرونہ پورٹ قاسم کے ٹرمینل نمبر 2 پر لنگر انداز ہوگیا ہے، جہاز قطر کے راس لفان ٹرمینل سے ایل این جی لے کر پاکستان پہنچا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایل این جی کی مذکورہ کھیپ 7 ستمبر کو آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزری تھی، جس کے بعد اب یہ پاکستان پہنچ گئی ہے۔
یہ کھیپ پاکستان اور قطر کے درمیان حکومت سے حکومت کے معاہدے کے تحت بھیجی گئی ہے، ایل این جی کی آمد سے ملک کے بجلی کے شعبے کو عارضی ریلیف ملنے کی توقع ہے، جہاں بعض علاقوں میں 6 سے 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔
یہ کھیپ اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ جولائی میں آبنائے ہرمز کے گرد کشیدگی بڑھنے کے بعد خلیج فارس سے روانہ ہونے والی قطر کی پہلی ایل این جی کھیپ ہے جو آبنائے ہرمز سے گزر کر پاکستان پہنچی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 5 ستمبر کو جاری کیا گیا اسپاٹ ایل این جی ٹینڈر بھی منسوخ کردیا ہے، جسے 8 ستمبر کو کھولا جانا تھا۔
قطر سے ایل این جی کی کھیپ کی محفوظ ترسیل سے ایشیائی اور یورپی منڈیوں میں سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات کچھ کم ہوئے ہیں، تاہم آبنائے ہرمز میں مستقبل میں کسی نئی رکاوٹ کی صورت میں پاکستان کی توانائی سلامتی، ایل این جی کی خریداری کی لاگت اور بجلی کی پیداوار پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ برقرار ہے۔
قطر سے 81 ہزار 936 میٹرک ٹن ایل این جی لے کر جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا