لاہور: (پ ر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام میٹرک کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی ہونہار طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریبِ تقسیمِ انعامات و اسناد منعقد ہوئی، جس میں ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران اور ناظمہ شمالی لاہور منیرہ نذیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ عمران نے کہا کہ قوموں کا مستقبل ان کے تعلیمی اداروں اور ان اداروں سے نکلنے والی باکردار نسلوں سے وابستہ ہوتا ہے۔ ہماری بیٹیاں صرف اچھے نمبروں کی نہیں بلکہ علم، کردار، خود اعتمادی اور خدمتِ وطن کی علامت بنیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی کو تعلیم دینا درحقیقت ایک پوری نسل کو تعلیم دینا ہے، اس لیے والدین اور معاشرے کو بچیوں کی تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسی بیٹیوں کی تربیت چاہتے ہیں جو اپنے علم کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ کامیابی کا اصل معیار صرف نمبر نہیں، بلکہ علم کے ساتھ اچھا کردار، مقصدِ زندگی کی سمجھ اور خدمت کا جذبہ ہے۔عظمیٰ عمران نے کامیاب طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی محنت، مستقل مزاجی اور درست رہنمائی کا ثمر ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں اور مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ملک و ملت کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی جانب سے تعلیم کے فروغ، بچیوں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت اور باصلاحیت طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف سطحوں پر مسلسل اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔ نمایاں تعلیمی و تخلیقی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کی ماضی میں بھی حوصلہ افزائی اور اعزازات سے نوازنے کی روایت اسی سلسلے کی کڑی ہے، تاکہ بچیوں میں آگے بڑھنے، محنت کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت مقاصد کے لیے بروئے کار لانے کا جذبہ پیدا ہو۔تقریب میں طالبات کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیم یافتہ، باکردار اور باصلاحیت بیٹیاں ہی پاکستان کے روشن، مضبوط اور باوقار مستقبل کی معمار بن سکتی ہیں۔
بیٹی کو تعلیم دینا درحقیقت ایک پوری نسل کو تعلیم دینا ہے،عظمی عمران
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل