کراچی ۔۔۔۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیٹرول لیوی ، آئی پی پیز مافیا ور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی عوامی جدو جہد اور تحریک جاری رہے گی، حکومت کو پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم اور آئی پی پیز سے عوام دشمن معاہدے منسوخ کرنے ہوں گے، 3ستمبر کی مکمل اور ملک گیر شٹر ڈاو¿ن ہڑتال تاریخ ساز ہڑتال ہوگی اور ہڑتال کے بعد ہم اپنا آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اسلام آباد لانگ مارچ کی کال، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دھرنے، ملک بھر میں دھرنے پھیلانے کے آپشن موجود ہیں، آج (بدھ کو) اٹھارویں دن بھی چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے جاری ہیں، پشاور کا دھرنا 5ددھرنوں میں تبدیل ہو گیا ہے، حیدر آباد دھرنا 10دن سے جاری ہے،اندرون سندھ شہروں سمیت چترال جیسے علاقے میں بھی دھرنا جاری ہے، دھرنوں اور احتجاج میں عوام کی شرکت مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔امیر کراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول لیوی بھتہ اور آئی پی پیز کے خلاف ہماری تحریک اور 3ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کا غیر معمولی اور متفقہ طور پر حمایت کا اعلان کیا ہے، جس طرح آئی پی پیز کو نوازا جا رہا ہے اور لیوی بھتہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے یہ عوام پر بہت بڑا ظلم ہے اور اس پر خاموش رہنا بھی ظلم ہے، اس لیے ہماری تمام پارٹیوں کے سیاسی کارکنوں خواہ وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، ان سے اپیل ہے کہ ہماری عوامی جدو جہد کا حصہ بنیں کیونکہ یہ جدو جہد 25کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے، مہنگے پیٹرول اور بجلی سے ملک کا ہر شہری سخت پریشان اور بدحال ہے لیکن افسوس کہ حکومت، وزراءاور حکمران پارٹیوں کو عوام کے مسائل اور مہنگائی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ہم نے عوام کو شعور دیا کہ حکمران کس طرح ہماری جیبوں میں ڈاکہ ڈال رہے ہیں، یہ شعور اب ملک کے بچے بچے کو ہوگیا ہے، پاکستان میں ڈھائی کروڑ موٹر سائیکلیں اور تقریباََ 5ملین فور وہیکل گاڑیاں ہیں،موٹر سائیکل غریب اور عام لوگوں کی سواری ہے، حکمرانوں کے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام نہ بنانے کی وجہ سے خاندان کے کئی افراد ایک بائیک پر سفر کرنے پر مجبور ہیں، اس غریب طبقے سے حکمران ایک لیٹر پیٹرول پر130روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کررہے ہیں، جو سراسر ظلم ہے، حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں، ان کے پروٹوکولز اور پیٹرول وغیرہ کا سارا بوجھ یہ غریب طبقہ اٹھاتا ہے،چند آئی پی پیز کو 17سو ارب روپے سے زیاد ہ کی رقم دی اس بجلی کی جوانہوں نے بنائی ہی نہیں ہے، یہ پیسے غریب عوام کی جیبوں سے نکال کر دیے گئے ہیں، ملک میں موجود آئی پی پیز میں بے شمار ایسے لوگ ہیں، جنہوں نے اپنی کمپنی کو پاکستان سے باہر رجسٹر ڈ کرایا ہوا ہے، یہ لوگ اپنی آمدنی کا انکم ٹیکس بھی پاکستان میں ادا نہیں کرتے، یہ پاکستانی عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے،حکمران غریب آدمی کو ٹیکس فری نہیں کرسکتے لیکن بڑی بڑی چینی مافیا زجو اربوں روپے کی چینی امپورٹ کرتی ہیں، ان کو ٹیکس فری کردیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں شدید مہنگائی ہوگئی ہے، جماعت اسلامی کی آئی پی پیز کے خلاف جدوجہد سے پہلے لوگ کہتے تھے کہ ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوسکتی کیونکہ یہ عالمی عدالت میں چلے جائیں گے لیکن ہماری جدوجہد کے نتیجے میں قومی خزانے کو اربوں روپے کافائدہ پہنچا، ہمارے دھرنوں کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔حکمران آئے دن یہ راگ الاپتے نہیں تھکتے کہ ہم مہنگائی میں کمی کردیں گے لیکن ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں 112فیصدمہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے انتظامی یونٹس بنانے اور صوبوں کی تقسیم پر کوئی اعتراض نہیں ہے،میں بلاول زرداری سے سوال کرتا ہوں کہ وہ کراچی سے پیپلز پارٹی کی 7نشستوں کے فارم پینتالیس دکھائیں اور ایم کیو ایم نے بھی کراچی کے ساڑھے 5ہزار پولنگ اسٹیشن اور20ہزار سے زائد بوتھ میں سے ایک بھی نہیں جیتی، لیکن ان کو درجنوں سیٹیں دے دی گئیں، فارم سینتالیس والے حکمران انتظامی یونٹس اور صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے اتنے بڑے فیصلے نہیں کرسکتے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی اپنی نور اکشتی بند کریں اورسندھی مہاجر دوریاں اور نفرتیں پیدا نہ کریں،پریس کانفرنس میں نائب امراءکراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، راجہ عارف سلطان، مسلم پرویز، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، رکن سندھ اسمبلی محمد فارو ق، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔
آج کی ملک گیر ہڑتال کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دینگے‘حافظ نعیم الرحمن
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل