کراچی….سندھ حکومت نے پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کے آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام میں خواتین کی غیر معمولی دلچسپی حکومت سندھ کی خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام کے لیے اب تک 50 ہزار سے زائد خواتین درخواستیں دے چکی ہیں، جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے 2 ہزار سے زائد خواتین کو ڈرائیونگ اور متعلقہ تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ تربیتی پروگرام کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ طریقے سے اسکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے تاکہ انہیں روزمرہ آمدورفت میں سہولت حاصل ہو اور وہ معاشی و سماجی سرگرمیوں میں مزید فعال کردار ادا کرسکیں۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کے پہلے مرحلے میں 925 جبکہ دوسرے مرحلے میں 476 اسکوٹیز مختص کی گئی تھیں۔ اب تک 810 سے زائد اسکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں، جن میں کراچی کی خواتین کو 410، سکھر میں 200 اور حیدرآباد میں 200 اسکوٹیز فراہم کی گئی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت پروگرام کو صوبے کے مختلف علاقوں تک وسعت دے رہی ہے اور آئندہ مرحلے میں میرپورخاص کی خواتین میں پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنک الیکٹرک اسکوٹی پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔ سندھ حکومت خواتین کو باعزت اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
میرپورخاص میں خواتین کو پنک الیکٹرک اسکوٹیز دی جائیں گی، شرجیل میمن
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل