بلاول کی ممکنہ منگنی، آصف زرداری اور پی پی چیئرمین ویانا میں آسٹرین خاندان سے ملاقاتوں میں مصروف،پی پی ذرائع

کراچی۔۔۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجودگی نے بلاول بھٹو کی ممکنہ منگنی اور شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو مزید تقویت دے دی ہے۔پیپلز پارٹی کے ایک بااعتماد ذریعے نے بتایا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ممکنہ منگنی اور آسٹریا کے سابق شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک ممتاز یورپی خاندان میں شادی کے حوالے سے بات چیت کے لیے ویانا میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں تین روز قبل آسٹریا پہنچے تھے اور اس دوران ممکنہ دلہن کے اہل خانہ سے تین ملاقاتیں بھی ہوچکی ہیں۔ذرائع نے کہا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آسٹریا کے دورے کے بعد برطانیہ روانہ ہوں گے، جہاں لندن سمیت دیگر علاقوں میں تقریباً 10 روز قیام متوقع ہے۔ اس دوران ممکنہ دلہن کے خاندان کے بعض افراد کی بھی بھٹو زرداری خاندان کے ہمراہ موجودگی کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔بلاول بھٹو کی ممکنہ دلہن کے حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات میں انہیں آسٹریا کے سابق شاہی خاندان ہاو¿س آف ہیبسبرگ لورین سے منسلک کیا جارہا ہے، جبکہ بعض رپورٹس میں انہیں آسٹریا کے آخری شہنشاہ کارل اول کے خاندان سے تعلق رکھنے والی شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور ممکنہ دلہن ایک دوسرے کو کئی برس سے جانتے ہیں اور ان کے کئی مشترکہ دوست بھی ہیں۔ ممکنہ شادی رواں سال کے اختتام پر ویانا میں ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم ان اطلاعات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ایوان صدر نے 27 اگست کو صدر آصف علی زرداری کے نجی دورے پر بیرون ملک روانگی کی تصدیق کی تھی، تاہم دورے کے مقصد کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری برطانیہ میں تقریباً دو ہفتے قیام کرسکتے ہیں، جو کئی برسوں کے دوران ان کا برطانیہ کا طویل ترین دورہ ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو کی بہنیں بھی لندن میں خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ موجود ہیں، جبکہ بلاول کی خالہ اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی صنم بھٹو بھی لندن میں موجود ہیں۔تاہم بھٹو زرداری خاندان یا پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کی منگنی یا شادی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب میئر کراچی اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں غلط قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی اور شادی کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات درست نہیں۔مرتضیٰ وہاب کی تردید ایسے وقت سامنے آئی ہے جب صدر آصف علی زرداری کے آسٹریا کے نجی دورے اور بھٹو زرداری خاندان کی ایک ممتاز آسٹرین خاندان سے ملاقاتوں سے متعلق اطلاعات کے بعد بلاول بھٹو کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں