لاہور(پ ر ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے دھرنے کا پانچواں روز جاری ہے۔ دھرنے میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور سمیت مختلف اضلاع کی خواتین، مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور بچے بڑی تعداد میں شریک ہیں۔قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نےچئیرنگ کراس مال روڈ دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پانچواں روز ہے، حلقہ لاہور سمیت ملک بھر کی خواتین امیر جماعت اسلامی کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے اپنے جائز مطالبات کے لیے موجود ہیں۔ ہم 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لے کر کھڑے ہیں اور جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 26 سے 30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس مہنگائی کی بڑی وجہ عالمی منڈی نہیں بلکہ حکومت کی عائد کردہ پٹرولیم لیوی ہے، ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس ختم کیا جائے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ خواتین کا لیوی ٹیکس سے براہ راست تعلق ہے کیونکہ ایک خاتون کو گھر کا بجٹ چلانا ہوتا ہے، بچوں کی فیس ادا کرنی ہوتی ہے، گھر کے دیگر اخراجات پورے کرنے ہوتے ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پورے خاندان کو متاثر کرتا ہے۔ عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے بجائے دن بدن مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ترقی کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن پنجاب میں غربت کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم لاہور سے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ عوام کے مسائل حل کیے بغیر حکمرانوں کو چین نہیں لینے دیں گے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی حق اور عوام کی آواز بن کر کھڑی ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن جس عزم، جذبے اور تیاری کے ساتھ میدان میں موجود ہیں، ہم اپنے جائز مطالبات منوا کر ہی واپس جائیں گے۔
مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا،ثمینہ سعید
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل