عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری

کراچی۔۔۔۔بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی سی پی اے) نے جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔نیپرا کے مطابق سی سی پی اے کی درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہوگی، جس کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔سی سی پی اے کی درخواست کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 15 ارب 12 کروڑ 20 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو 14 ارب 50 کروڑ 10 لاکھ یونٹس فراہم کیے گئے۔ بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 9 روپے 61 پیسے فی یونٹ رہی۔سی سی پی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی کی پیداواری لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی، جبکہ ایل این جی سے مجموعی طور پر 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔ جولائی میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں ایل این جی کا حصہ 10.78 فیصد رہا۔درخواست کے مطابق جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی اور اس ذریعے سے فی یونٹ پیداواری لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی۔ فرنس آئل سے مجموعی طور پر 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں پانی سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 39.81 فیصد، مقامی کوئلے کا 10.91 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے کا حصہ 14.38 فیصد رہا۔ نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصدبجلی پیدا کی گئی اور اس ذریعے سے فی یونٹ فیول لاگت صرف 3 روپے 2 پیسے رہی۔سی سی پی اے کے مطابق جولائی میں ڈیزل سے بھی بجلی پیدا کی گئی۔ ڈیزل سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جبکہ فی یونٹ پیداواری لاگت 54 روپے 47 پیسے ریکارڈ کی گئی۔سی سی پی اے کی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مہنگے ایندھن، بالخصوص درآمدی ایل این جی اور دیگر ذرائع سے بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت پیش آئی۔نیپرا سماعت کے دوران سی سی پی اے کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار، بجلی کی پیداواری لاگت اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے گا، جس کے بعد مجوزہ اضافے کی حتمی منظوری یا ترمیم سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔بجلی کی قیمت میں مجوزہ اضافے کی منظوری کی صورت میں صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے دباو¿ کا شکار عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں