اسلام آباد(خ ن) اپنی یومِ آزادی کی مہم ’پاکستان جتنا جوان‘ کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے اشتراک سے اسلام آباد میں واقع پی ٹی سی ایل ٹریننگ اکیڈمی میں ’پاکستان کے لیے پودا لگائیں‘ (Plant for Pakistan) کے عنوان سے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ مہم کے ذریعے صاف ستھرے، سرسبز اور پائیدار پاکستان کی تعمیر کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔پی ٹی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ندیم خان اور ڈبلیو ڈبلیو ایف-پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر پروگرامز، رب نواز نے شجرکاری میں حصہ لیا۔ دونوں اداروں کی اعلیٰ قیادت اور پی ٹی سی ایل کے ملازمین بھی اس مشترکہ سرگرمی میں شریک ہوئے، جس کا مقصد ملک کے لیے صحت مند ماحول اور سرسبز مستقبل کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا تھا۔’پاکستان کے لیے پودا لگائیں‘ مہم پی ٹی سی ایل کے اپنے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے اور پائیداری کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے وسیع تر عزم کی عکاسی کرتی ہے، جس میں اپنے کاربن فٹ پرنٹ میں کمی لانے اور طویل مدت میں نیٹ زیرو کاربن اخراج کے ہدف کے حصول کی جانب پیش رفت شامل ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے لیے زیادہ سرسبز، پائیدار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں زیادہ مستحکم مستقبل کے قیام کی کوششوں کو تقویت دے گا۔’پاکستان جتنا جوان‘ مہم کے ذریعے پی ٹی سی ایل پاکستان کے جذبے، ثابت قدمی اور صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایسے اقدامات کو نمایاں کر رہا ہے جو ایک زیادہ مربوط، بااختیار اور ماحول دوست قوم کی تشکیل میں معاون ہیں۔ شجرکاری مہم اس پیغام کو مزید تقویت دیتی ہے کہ ایک بہتر پاکستان صرف ترقی اور جدت کے ذریعے ہی نہیں، بلکہ ماحول کے تحفظ اور نگہداشت کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے بھی تشکیل پاسکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل اور ڈبلیو ڈبلیو ایف زیرِ اہتمام ’پاکستان کے لیے پودا لگائیں‘ شجرکاری مہم کا انعقاد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل