ڈیرہ مراد جمالی(خ ن)کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس نصیر آباد سمیت ڈیرہ مراد جمالی شہر کے مختلف سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر پینا فلیکس آویزاں کر دیے گئے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم بھی لہرا دیے گئے اس موقع پر کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ تینوں ممالک کے مشترکہ دفاعی تعاون اور باہمی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان محبت، اخوت اور بھائی چارے کے رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔ صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ اس اہم پیش رفت پر تینوں برادر ممالک کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نصیر آباد ڈویژن میں قومی پرچموں اور خیرمقدمی پینا فلیکس کی نمائش کی گئی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو خطے اور پوری مسلم امہ کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔
مکہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے،صلاح الدین نورزئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل