حب میں تعلیمی انقلاب کی جانب اہم قدم، محکمہ تعلیم کا میر علی حسن زہری سے اظہار تشکر

حب( پ ر) ضلع حب میں شعبہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ محکمہ تعلیم ضلع حب نے طلبہ کے لیے اسکول بسوں کی فراہمی میں خصوصی تعاون اور مو¿ثر کردار ادا کرنے پر میر علی حسن زہری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تعلیمی خدمات اور کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ میر علی حسن زہری کی مسلسل اور خصوصی کوششوں کے نتیجے میں محکمہ تعلیم ضلع حب کے لیے تین اسکول بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک اسکول بس آج کوئٹہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع حب محمد رحیم بلوچ نے باضابطہ طور پر وصول کرلی ہے، جبکہ باقی دو بسیں ان شاءاللہ آئندہ ماہ محکمہ تعلیم ضلع حب کے حوالے کردی جائیں گی۔ یہ اقدام محض سفری سہولت کی فراہمی نہیں بلکہ ضلع حب کے طلبہ کے روشن مستقبل کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ دور دراز علاقوں میں رہنے والے بچوں کے لیے اسکول تک محفوظ اور بااعتماد رسائی ان کے تعلیمی سفر کو مزید آسان بنائے گی اور والدین کے لیے بھی ایک بڑی پریشانی کا ازالہ ہوگا۔ تعلیمی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے میر علی حسن زہری کی کاوشوں سے ضلع حب کے لیے مزید چار کوسٹر بسوں کی منظوری بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ یہ بسیں بھی آئندہ مرحلے میں محکمہ تعلیم کے حوالے کردی جائیں گی، جس کے بعد ضلع بھر میں طلبہ کے لیے سفری سہولیات میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ان بسوں کی فراہمی سے خصوصاً دور دراز اور کم سہولیات والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو محفوظ، آرام دہ اور قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر آئے گی۔ اس سے نہ صرف اسکولوں تک رسائی آسان ہوگی بلکہ طلبہ کی حاضری میں بہتری، تعلیمی تسلسل کے فروغ اور اسکول چھوڑنے کے رجحان میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔ محکمہ تعلیم ضلع حب نے میر علی حسن زہری کی اس کاوش کو طلبہ کی فلاح و بہبود اور معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم اور قابلِ قدر سنگِ میل قرار دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں تک رسائی کو آسان بنانا کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے۔ جب ایک طالب علم محفوظ اور سہل سفر کے ذریعے اسکول پہنچتا ہے تو دراصل اس کے لیے علم، شعور اور بہتر مستقبل کے دروازے کھلتے ہیں۔ میر علی حسن زہری کی جانب سے طلبہ کے لیے سفری سہولیات کی فراہمی اس عزم کی عکاس ہے کہ ضلع حب کے بچوں کو وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم ضلع حب نے اس موقع پر میر علی حسن زہری کی تعلیمی وژن، مسلسل تعاون اور ضلع حب میں شعبہ تعلیم کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا دلی شکریہ ادا کیا۔ محکمہ تعلیم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ضلع حب میں تعلیم کے فروغ، طلبہ کی سہولت اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے تعاون اور ترقیاتی اقدامات کا یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ تعلیم پر خرچ ہونے والا ہر قدم دراصل آنے والی نسلوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، اور ضلع حب میں طلبہ کے لیے یہ بسیں اسی روشن مستقبل کی جانب ایک عملی سفر کا آغاز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں