کوئٹہ ۔۔۔۔اسلامک ریلیف پاکستان (آئی آر پی)اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم)کے اعلی سطحی مشترکہ وفد نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز)کوئٹہ کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اور ان کی ٹیم سے ایک اہم تعارفی و مشاورتی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نصیر آباد ڈویژن میں درپیش شدید ماحولیاتی مسائل، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے ‘فطرت پر مبنی حل’ (Nature-based Solutions) کے موضوع پر ایک جامع اور مشترکہ تحقیقی مطالعہ شروع کرنے کے بنیادی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد میں آئی او ایم کی نمائندگی ڈیوڈ کوپر ایلن نے کی جبکہ اسلامک ریلیف پاکستان کی جانب سے انور عادل، ڈاکٹر جمال اور فاطمہ ننگیال شامل تھے۔ملاقات کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے پسماندہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں آئی او ایم اور آئی آر پی کی انسانی ہمدردی کے تحت طویل المدتی اور پائیدار خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے اس اہم تحقیقی مطالعے کی بروقت اور کامیاب تکمیل کے لیے بیوٹمز کی جانب سے ہر ممکن تکنیکی، تحقیقی اور ادارہ جاتی معاونت کی کامل یقین دہانی کرائی۔وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ بیوٹمز تعلیمی، تحقیقی اور فلاحی اداروں کے ساتھ پائیدار شراکت داری قائم کر کے خطے کے درپیش موسمیاتی اور ماحولیاتی چیلنجز کے شواہد پر مبنی اور لچکدار حل پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں اور پرعزم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے اور نصیر آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات جلد شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
٭
کوئٹہ، بیوٹمز میں ماحولیاتی مسائل اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر تحقیق کے حوالے سے آئی آر پی اور آئی او ایم کے وفد کا اہم دورہ