کوئٹہ (خ ن)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبائی حکومت اور سانحہ زیارت کی دھرنا کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کو سراہتے ہوئے اسے امن اور استحکام کی جانب ایک اہم اور مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔ یہ پیشرفت صوبہ میں سیاسی استحکام، پائیدار امن کے قیام اور کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریگی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پولیٹیکل ڈائیلاگ اور باہمی افہام و تفہیم درحقیقت تصادم اور محاذ آرائی سے زیادہ موثر اور معتبر وسیلے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے امید ظاہر کی کہ کامیاب مذاکرات کے پیش نظر دیگر مراحل بھی خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔ انہوں نے شہداءکے لواحقین کے جائز مطالبات پر عملدرآمد اور صوبے میں سکیورٹی کے مسائل حل کرنے سے متعلق کامیاب مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جوڈیشل کمیشن شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائے گا۔ متفقہ پالیسی کے تحت سانحہ زیارت کے شہداءکو سرکاری طور پر شہید قرار دیکر ان کے اہل خانہ کو امداد دی جائیگی جن میں شہداءکے بچوں کیلئے تعلیمی انتظامات، مالی معاوضہ اور دیگر حقوق بھی شامل ہیں۔ علاو¿ہ ازیں مختلف سرکاری عمارتوں کو شہداءکی قربانیوں کے اعزاز میں منسوب کیا جائے گا۔ ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کیلئے وزیر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائیگی۔ گورنر مندوخیل نے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان، مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماو¿ں اور خاص طور پر شہداءکے سوگوار خاندانوں کو ان کے صبر، دانشمندی اور بلند عزم پر خراج تحسین پیش کیا۔ اسطرح اب پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو چکا ہے جس سے ناخوشگوار واقعات اور اختلافات کو باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے حل کرنے کی جمہوری روایت مزید مستحکم ہوئی ہے۔
کامیاب مذاکرات کے پیش نظر دیگر مراحل بھی خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے، گورنر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل