استقامت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، ثمینہ سعید

لاہور……قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے ایک ماہ مکمل ہونے پر ارکان و کارکنان اور عوام کی غیر معمولی استقامت، عزم اور ثابت قدمی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیس دن گزر گئے، مگر ہمارے حوصلے نہیں ٹوٹے؛ یہ دھرنا ثابت کر رہا ہے کہ حق کی آواز کو وقت نہیں، صرف استقامت درکار ہوتی ہے۔دھرنے کے تیسویں روز شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ ایک ماہ تک شدید گرمی، مشکلات اور حکومتی بے حسی کے باوجود دھرنے میں عوام کی مسلسل شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے حقوق کا مقدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیں، بہنیں، بیٹیاں، نوجوان، بزرگ اور بچے جس عزم کے ساتھ اس جدوجہد میں شریک ہیں، وہ پاکستان کے روشن اور باوقار مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام کارکنان، ارکان اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک ماہ تک اپنے عزم کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ یہ استقامت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور یہی طاقت حکمرانوں کو عوام کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرے گی۔ثمینہ سعید نے کہا کہ دھرنے کا ایک ماہ مکمل ہونا اختتام نہیں، بلکہ اس امر کا اعلان ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے اب مزید بیدار، منظم اور متحد ہو چکے ہیں۔ مہنگی بجلی، پٹرولیم لیوی، ہوشربا مہنگائی اور حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات کے خلاف ہماری آواز اس وقت تک بلند رہے گی جب تک عوام کو حقیقی ریلیف نہیں ملتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں