اسلام آباد مارچ کی راہ میں رکاوٹ ڈالی تو ذمہ دار حکومت ہوگی، حافظ نعیم

لاہور:امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت اسلام آباد مارچ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کرے گی انہوں نے واضح کیا کہ اگر مارچ کی راہ میں غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے گئے تو حالات کی ذمہ داری بھی اہل اقتدار پر ہوگی۔لاہور میں دھرنا کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کے پٹرول پر نام نہاد ریلیف پیکج کو ایک دفعہ پھر ناکافی قرار دیتے ہوئے پٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمہ کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے چالیس مقامات پر دھرنے جاری ہیں ، احتجاج میں مزید وسعت آئے گی اور بیس ستمبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ ، امیر لاہور ضیا الدین انصاری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سود میں تین فیصد کمی کرکے قومی خزانہ کو سترہ سو ارب روپے کا فائدہ ہوگا، صرف اس اقدام سے پٹرولیم لیوی جو غریب عوام سے پندرہ سو سڑسٹھ ارب روپے سالانہ سے بھی زائد وصول کی جارہی ہے کا براہ راست خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم ایسا دکھائی دیتا ہے کہ حکومت بنک مافیا کے منافع میں نقصان نہیں کرنا چاہتی اور بہانہ مہنگائی میں اضافہ کا کیا جاتا ہے ، حالانکہ سود کم کرنے سے مہنگائی میں قطعی اضافہ نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں