کراچی ۔۔۔۔۔۔سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کو عوام کے بنیادی حقوق کی حیثیت دی ہے، حکومت کا عزم ہے کہ کوئی بچہ تعلیم اور کوئی شہری علاج سے محروم نہ رہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی سندھ حکومت کے ”صحت سب کے لیے“ وژن کی عملی تصویر ہے۔ ادارے میں اب تک 47 لاکھ 40 ہزار 941 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے، جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 41 لاکھ 84 ہزار 950 مریض این آئی سی وی ڈی سے مستفید ہو چکے ہیں۔ سندھ حکومت نے دل کے علاج کی جدید اور مفت سہولیات صوبے کے مختلف شہروں تک پہنچائی ہیں اور این آئی سی وی ڈی کے سیٹلائٹ یونٹس کے ذریعے مختلف علاقوں میں بھی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سائبر نائف کے ذریعے سندھ میں کینسر کے مریضوں کو جدید ترین علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ سندھ میں سائبر نائف جیسی جدید طبی سہولت کا قیام عوام کو عالمی معیار کے علاج کی فراہمی کا ثبوت ہے۔ ایس آئی یو ٹی غریب اور مستحق مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی کا قابل فخر ادارہ ہے، جہاں پیچیدہ امراض کے علاج سمیت جدید طبی سہولیات بلاامتیاز فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی، این آئی سی وی ڈی اور دیگر ادارے سندھ حکومت کے عوام دوست صحت کے وڑن کی عملی مثالیں ہیں، جبکہ ایس آئی سی ایچ این کے ذریعے بچوں اور نومولودوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سندھ حکومت کا مقصد ہے کہ کوئی غریب شہری مالی مشکلات کے باعث علاج سے محروم نہ رہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری سندھ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ سندھ حکومت نے تعلیم کے شعبے میں میرٹ پر 93 ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کیے ہیں، جو تعلیمی اصلاحات کا اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ صرف بچوں کو اسکولوں میں لانے تک محدود نہیں بلکہ معیاری تعلیم اور بہتر سیکھنے کے نتائج بھی اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہیں۔ لطیف آباد حیدرآباد کا اسکول سندھ حکومت کے سرکاری اسکولوں میں بہتری کے وژن کی نمایاں مثال ہے۔ سرکاری اسکولوں میں سہولیات اور تعلیمی معیار بہتر بنا کر عوام کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز اسکولز سندھ میں معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی ماحول کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہیں، جبکہ اروڑ یونیورسٹی سندھ میں جدید تعلیم، تحقیق، فنون، ڈیزائن اور ثقافتی ورثے کے فروغ کا اہم مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم میں سندھ حکومت کی سرمایہ کاری دراصل سندھ کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ عوام کو علاج اور بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے۔
صحت اور تعلیم میں سرمایہ کاری سندھ کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، شرجیل انعام میمن
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل