کراچی/اسلام آباد/لاہور۔۔۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواندگی ایک بااختیار معاشرے کی بنیاد ہے اور ہر بچے کو سیکھنے، خواب دیکھنے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا حق حاصل ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عالمی یومِ خواندگی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ علم کی روشنی غربت، جنس یا حالات کی تفریق کے بغیر ہر گھر تک پہنچنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ لڑکیوں، پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں اور دور دراز و پسماندہ علاقوں میں رہنے والے بچوں کے لیے مساوی تعلیمی مواقع یقینی بنائے جانے چاہئیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے اور قومی زندگی میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے تعلیم اور خواندگی کو سماجی انصاف اور جمہوری بااختیاری کا ذریعہ بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ بچہ جو پڑھنا سیکھتا ہے، اپنے ہاتھوں میں ایک نئی امید اور ایک نئے امکان کو تھام لیتا ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ غربت کبھی کسی بچے کے خوابوں کو نہ بجھاسکے۔ انہوں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے اپیل کی کہ آئیے علم کی روشنی کو پاکستان کے ہر گھر کے لیے امید کی روشنی بنائیں۔
خواندگی ایک بااختیار معاشرے کی بنیاد ہے، بلاول بھٹو زر داری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل