اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر فریقوں کی جانب سے مخلصانہ عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، اسحق ڈار

اسلام آباد ۔۔۔۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو آگے بڑھانے اور موثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لئے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ اور قریبی شراکت داری کو اجاگر کیا۔دونوں رہنماﺅں نے علاقائی صورتحال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے )کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری جنرل نے کثیرجہتی سفارتکاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے پاکستان کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا۔ دفترِ خارجہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے ساتھ رابطہ کرکے دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے گا۔۔۔۔۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے مفید اور تعمیری ملاقات کی۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کو 2026-27 کے لئے تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی چیئرمین شپ کے دوران پاکستان کی ترجیحات اور مجوزہ حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سیکرٹریٹ پاکستان کی ترجیحات کو آگے بڑھانے میں مکمل تعاون کرے گا۔دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور مشترکہ کوششوں میں موثر تعاون و رابطہ کاری جاری رکھی جائے گی۔ملاقات میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے لئے نیشنل کوآرڈینیٹر محمد فیصل بھی شریک تھے۔۔۔۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس سے قبل گرمجوشی کے ماحول میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مسلسل رابطے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جون 2026 کے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تنازعے کے دونوں فریقوں کی جانب سے مخلصانہ عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔۔۔۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔۔۔۔۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزھنکوف سے ملاقات کی۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔۔۔۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس کے موقع پر بشکیک میں روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں