جیکب آباد(رپورٹ: انیس جکھرانی) جیکب آباد کے قریب تھانہ میرانپور کی حدود میں واقع گوٹھ ریحان خان بخشلانی جمالی میں پلاٹ پر گھر کی تعمیر کے معمولی تنازع پر بخشلانی جمالی برادری کے دو قریبی رشتہ دار (چچازاد بھائی) فریقین کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر 15 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق گوٹھ ریحان خان بخشلانیی جمالی میں بگَن خان بخشلانی جمالی اور جبل خان بخشلانی جمالی کے فریقین کے مابین پلاٹ کے معاملے پر تلخی پیدا ہو گئی، جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں بگَن خان بخشلانی جمالی فریق کا 15 سالہ نوجوان ذوالفقار ولد بگَن خان بخشلانی جمالی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد فریقین کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی اور علاقہ کچھ دیر کے لیے میدانِ جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ اطلاع ملتے ہی میرانپور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور فریقین کے مابین بات چیت کر کے فائرنگ کا سلسلہ بند کروایا۔ پولیس نے مقتول نوجوان کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال گڑھی خیرو منتقل کی، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کر دی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق جھگڑا کرنے والے دونوں فریق آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور محض ایک پلاٹ پر گھر کی تعمیر جیسے معمولی تنازع پر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک قیمتی جان ضائع ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا تھا۔
جیکب آباد ، زمینی تنازع پر تصادم، فائرنگ کی زد میں آ کر 15 سالہ نوجوان جاں بحق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل