نصیرآباد(خ ن)سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ ارسا اور سندھ ایریگیشن حکام سے قریبی روابط رکھنے اور صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی و صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ کی مسلسل کاوشوں کے باعث بلوچستان کی کینالز میں پانی کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے۔سندھ ایریگیشن حکام کی ہٹ دھرمی کے باعث ہمارے کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ہم ایک لمحے کے لیے بھی خاموش نہیں رہے اور سندھ سے ارسا قوانین کے مطابق پٹ فیڈر کینال اور کیرتھر کینال میں بلوچستان کے جائز حصے کے حصول کے لیے مسلسل سرگرم عمل رہے۔انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں منصفانہ زرعی پانی کی تقسیم کا عمل جاری ہے، جبکہ سندھ میں مانیٹرنگ پر تعینات سب ڈویژنل آفیسر حاجی ممتاز علی سومرو کے مطابق گزشتہ روز پٹ فیڈر کینال میں چار ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا تھا، جو اب بڑھ کر پانچ ہزار چار سو کیوسک ہو چکا ہے، اور ہمیں قوی امید ہے کہ ان شاءاللہ مزید بہتری بھی آئے گی سپرنٹنڈنگ انجینئر مدثر ظفر کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان کے گرین بیلٹ کے کاشتکاروں کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور انہیں ان کے جائز حق کے مطابق زرعی پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی کے تمام افسران اور عملہ نہری نظام کی مسلسل نگرانی، پانی کی منصفانہ تقسیم اور ٹیل تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے شبانہ روز اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ارسا قوانین کے مطابق بلوچستان کے حصے کے پانی کے حصول کے لیے ہر فورم پر بھرپور انداز میں آواز بلند کی جاتی رہے گی اور کاشتکاروں کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ، خوشحالی اور معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
گرین بیلٹ کے کاشتکاروں کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، مدثر ظفر کھوسہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل