قمبرانی روڈ کارروائی میں بہادری دکھانے پر ایس ایچ او کیچی بیگ اور پولیس ٹیم کو نقد انعامات
کوئٹہ(انور بولانی)ایس پی سریاب ڈویژن سید عابد حسین بخاری نے قمبرانی روڈ پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت اور بہادرانہ کارروائی کرنے پر تھانہ کیچی بیگ کے ایس ایچ او مجاہد عباس ملغانی اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعامات سے نوازا۔اس موقع پر ڈی ایس پی سریاب سرکل طالب حسین بھی موجود تھے۔ ایس پی سریاب سید عابد حسین بخاری نے خبر رساں ادارے (یو این اے) کے نمائندے انور حسین بولانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر جس جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ محکمہ پولیس کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے ایسے بہادر افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے۔انہوں نے بتایا کہ قمبرانی روڈ پر پیش آنے والے واقعے میں پولیس کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، جس سے نہ صرف علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی بلکہ جرائم پیشہ عناصر کا ایک نیٹ ورک بھی ناکام بنا دیا گیا۔ایس پی سریاب نے کہا کہ بلوچستان پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کامیاب کارروائیاں عوام کے اعتماد میں اضافے اور محکمہ پولیس کے وقار کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے ایس ایچ او مجاہد عباس ملغانی اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔