تربت۔۔۔۔۔کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان سے میرا گہرا لگاؤ ہے، صوبے میں پائیدار امن قائم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ بارڈر تجارت کے لیے کھولے جائیں تاکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں، ان کی معیشت مستحکم ہو اور وہ خوشحال زندگی گزار سکیں۔ ہم بندوق کا کلچر ختم کرکے بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت میں منعقدہ عوامی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ضلع کیچ، ضلع تمپ اور ضلع پنجگور کے قبائلی عمائدین، معتبرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل ظفر اقبال اور آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے کہا کہ پاک فوج امن، استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ہم امید اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، جبکہ جن علاقوں میں سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہیں وہاں بھی ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاک فوج بھی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ رہی ہے۔ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور یکجہتی صوبے میں امن و استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہم عوام کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔عوامی کھلی کچہری کے دوران ضلع کیچ، تمپ اور پنجگور کے عمائدین اور شرکاء نے کور کمانڈر بلوچستان سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے اور اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات، امن و امان، روزگار اور بارڈر تجارت سمیت دیگر اہم امور کی جانب توجہ مبذول کرائی۔شرکاء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان میں عوامی نمائندوں کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہونا چاہیے اور انہیں عوامی مشکلات کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔کور کمانڈر بلوچستان نے بارڈر تجارت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سرحدی تجارت کے راستے کھلیں اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے، کیونکہ بارڈر تجارت سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا، کاروبار میں اضافہ ہوگا اور علاقے کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کی معیشت مستحکم ہو اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بندوق کا کلچر ختم ہونا چاہیے اور اس کی جگہ امن، تعلیم، روزگار، کاروبار اور ترقی کی سوچ کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ بلوچستان کا روشن مستقبل اسی میں ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں، عوام کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جائے اور علاقے میں پائیدار امن قائم ہو۔کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور خطے کے روشن مستقبل کے لیے پاک فوج کے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور عوام کے باہمی تعاون سے صوبے کو خوشحالی اور پائیدار امن کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔عوامی کھلی کچہری کو بلوچستان کے مختلف علاقوں کے عوام اور سیکیورٹی قیادت کے درمیان براہ راست رابطے، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے تجاویز کے تبادلے کا اہم موقع قرار دیا گیا۔
بلوچستان میں امن قائم،بارڈر تجارت کھولنے سے عوام خوشحال ہوں گے، لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل