کراچی(خ ن)سعودی عرب نے بلوچستان میں سرمایہ کاری اور ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا ہے، سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے 10 رکنی اعلی سطح کے سعودی کاروباری وفد کے ہمراہ کراچی میں حکومت بلوچستان کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کی۔ اجلاس میں ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون اور ایم ڈی لیڈا لیاقت کاشانی بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ زیر بحث منصوبوں میں کم بی ٹی یو گیس سے یوریا کھاد تیار کرنے کا کمپلیکس، فیروکروم پلانٹ، لائیڈا کے صنعتی ترقیاتی امکانات، بلیو اکانومی، زیتون کی کاشت، لائیو اسٹاک فارمنگ، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل تھے۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں میں عملی شرکت اور تیار منصوبوں میں سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب میں بلوچستان کے ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اس سلسلے میں پیش رفت تیز کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس اقدام کو حکومت بلوچستان کے لیے ایک خصوصی تحفہ قرار دیا۔اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ صوبے میں معدنیات، توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، ساحلی معیشت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن صوبے کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری و تجارت کا اہم مرکز بنانا ہے، جبکہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور کاروبار دوست ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سعودی کاروباری وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کو منصوبوں کی نشاندہی، متعلقہ اداروں سے رابطوں اور سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
سعودی عرب کابلوچستان میں سرمایہ کاری اور ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل