پاکستان ، شام کے تعلقات کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

استنبول۔۔۔۔۔۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے استنبول میں شام کے وزیر اوقاف ڈاکٹر ابوالخیر شکری سے ملاقات کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شام اسلامی تہذیب اور تاریخ کا ایک اہم مرکز ہے اور ہمارے دلوں میں شام کے عوام کی محبت رچی بسی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، مسلمان ممالک کے دفاع اور سلامتی کے لیے باہمی دفاع میں تعاون کے معاہدے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل تمام مسلمان ممالک کا مشترکہ دشمن ہے اور تمام مسلمان ممالک کے امن اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ ڈاکٹر الخیرشکری نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے ساتھ ہمارے قدیمی تعلقات ہیں۔ انھوں نے کہا ہم پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے معاہدے کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کو شام کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔دریں اثنا استنبول میں جاری اتحاد العالمی لعلماءالمسلمین کے وحدت امت کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے علما اور مفکرین نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں اتحاد العالمی کے سربراہ شیخ علی محمد الدین قرہ داغی، سوڈان سے شیخ عصام البشیر، لیبا سے شیخ علی الصلابی، تیونس ڈاکٹر عبدالحمید نجار، ترکیہ سے ڈاکٹر علی ارباش، اردن سے شیخ ہمام سعید، فلسطین سے منیر سعید ، ترکیہ سے عمر فاروق کرکمز، لبنان سے ڈاکٹر عزام ایوبی، ماریطانیہ سے شیخ سید الحاج، جنوبی افریقہ سے شیخ طارق، امریکہ سے شیخ عبدالرحمن، ملائیشیا سے ڈاکٹر بدلی شاہ شام ، احمد یحییٰ، یمن سے ڈاکٹر فضل مراد کے علاوہ بھارت، سری لنکا اور نیپال سے اہم شخصیات شامل تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں