مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں 0.35 فیصد کمی

لاہور۔۔۔۔۔ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ، مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں 0.35فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار بھی کم ہوکر 11.32ہوگئی ،ایک ہفتے میں میں 15اشیائے ضروریہ مہنگی ، 12سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق حالیہ ہفتے آلو کی قیمتوں میں 3.27فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 0.62فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 34.91فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 2.11فیصد، سادہ بریڈ کی قیمتوں میں 1.29فیصد، ڈیزل کی قیمت میں 2.53 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 0.20فیصد، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.29فیصد، دہی کی قیمت میں 0.46فیصد اور دودھ کی قیمتوں میں 0.48فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی قیمتوں میں 0.35فیصد، چکن کی قیمت میں 2.95فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 2.81فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 0.43فیصد، ملک پاوڈر کی قیمتوں میں 0.33فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 0.73فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں 0.39فیصد، آٹے کی قیمت میں 0.83 فیصد اور کیلوں کی قیمتوں میں 0.71فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.07فیصد کمی کے ساتھ 8.07فیصد، 17ہزار 733روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.25فیصد کمی کے ساتھ 9.92فیصد اور 22ہزار 889روپے سے 29ہزار 517روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.20فیصد کمی کے ساتھ 8.95فیصد رہی۔اسی طرح 29ہزار 518روپے سے 44ہزار 175روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.22فیصد کمی کے ساتھ 9.51فیصد اور 44ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.41فیصد کمی کے ساتھ 12.13فیصد رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں