اسلام آباد۔۔۔۔وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی قومی ترجیح ہے اور ہر بچے کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے گا، پاکستان میں پولیو وائرس کا خطرہ تاحال موجود ہے، اس لیے اس موذی مرض کے مکمل خاتمے تک قومی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال نے ملک کے 97 منتخب اضلاع میں سال 2026 کی تیسری ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا اس سلسلے میں افتتاحی تقریب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندگان اور پولیو پروگرام کی کور ٹیم نے شرکت کی۔وفاقی وزیرِ صحت نے جنوبی خیبر پختونخوا، بالخصوص بنوں ڈویژن میں پولیو کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موثر حکمتِ عملی اور مربوط اقدامات کے ذریعے ان چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔ پولیو کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں 2 سے 8 نومبر 2026 تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر تقریبا 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔سید مصطفی کمال نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچا کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے پولیو ٹیم آپ کے گھر نہ پہنچ سکے تو بچوں کو قریبی ویکسینیشن سینٹر لے جا کر پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔وفاقی وزیرِ صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مثر اقدامات کے ذریعے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔تقریب میں بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندگان اور قومی پولیو پروگرام کی کور ٹیم بھی موجود تھی۔
ملک میں پولیو وائرس کا خطرہ تاحال موجود ہے، سید مصطفی کمال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل