جیکب آباد: پرانے تنازع پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی

جیکب آباد ( انیس جکھرانی) گڑھی خیرو کے قریب میرانپور کے علاقے میں رواہی برادری کے دو دھڑوں کے درمیان پرانے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان قتل اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ میرانپور کی حدود گوٹھ میر محمد رواہی میں رانجھن رواہی اور محمد ہاشم رواہی کے دھڑوں کے درمیان چلنے والا پرانا تنازع دوبارہ بھڑک اٹھا۔ دھان کی کٹائی کے لیے جانے والوں پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے نوجوان اعجاز علی رواہی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے چچازاد بھائی اسحاق رواہی اور حنیف رواہی شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد دونوں دھڑوں کے درمیان شدید کشیدگی اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کی وجہ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی میرانپور پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش و زخمیوں کو تحصیل اسپتال گڑھی خیرو منتقل کیا۔ جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے اعجاز رواہی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، جبکہ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے ٹراما سینٹر لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا۔رابطہ کرنے پر مقتول اعجاز علی رواہی کے چچازاد بھائی اور جے یو آئی کے رہنما محمد صدیق رواہی نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ رانجھن رواہی دھڑے کے ساتھ پرانا تنازع چل رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے ہماری زمین پر ہتھیار بند ہو کر مورچے سنبھال رکھے تھے، جس کی پیشگی اطلاع حد کی پولیس کو بھی دی گئی تھی، لیکن پولیس نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے نوجوان زمین پر کٹائی کے لیے جا رہے تھے تو رانجھن رواہی دھڑے کے مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید اور دو کو زخمی کر دیا۔دوسری جانب رابطہ کرنے پر میرانپور پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں دھڑوں کے درمیان پرانے چوری کے معاملے پر کشیدگی چل رہی تھی، جس پر یہ دلخراش واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ورثا کے اسپتال سے فراغت کے بعد مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، تاہم آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں