نادرا نے پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی خصوصی سہولت متعارف کرادی

کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔قومی شناختی کارڈ سے محروم ایسے شہری جن کے پاس پیدائش کا سرٹیفکیٹ موجود نہیں، نادرا نے ان کے لیے مخصوص شرائط کے تحت خصوصی سہولت فراہم کردی۔نادرا کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کمپیوٹرائزڈ نکاح نامے کے ساتھ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ درخواست گزار خاتون کو اپنے والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کے شناختی کارڈ یا نائکوپ رکھنے والے فرد کے ساتھ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے نادرا مرکز جانا ہوگا۔والد، والدہ یا شوہر میں سے کسی کے انتقال کی صورت میں بھی، اگر متعلقہ شخص کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہو تو درخواست جمع کرانے کی گنجائش ہوگی۔ غیر شادی شدہ خواتین کے لیے شوہر سے متعلق شرط لاگو نہیں ہوگی، تاہم دیگر مطلوبہ دستاویزات اور تصدیقی مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔نادرا کے مطابق 24 سال سے زائد عمر کے ایسے مرد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جنہوں نے اب تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا اور ان کے والد یا والدہ کے علاوہ کم از کم ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہوا ہے۔ ایسے افراد کو والد یا والدہ کے ہمراہ نادرا مرکز جانا ہوگا، جبکہ والدین کے انتقال کی صورت میں شناختی کارڈ رکھنے والے بہن یا بھائی کے ساتھ درخواست دی جاسکتی ہے۔نادرا مرکز میں درخواست گزار سے خاندانی کوائف اور دیگر معلومات سے متعلق سوالات کیے جائیں گے، جبکہ شناختی کارڈ پر درج والدین کی تفصیلات، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش میں بعد ازاں مستقل تبدیلی نہیں کی جاسکے گی، اس لیے درخواست دیتے وقت تمام معلومات درست فراہم کرنا ضروری ہوگا۔نادرا نے واضح کیا ہے کہ پیدائش کے سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کے حصول کی یہ خصوصی سہولت 31 دسمبر 2026 تک دستیاب ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں