پی آئی ڈی کے اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے، اے پی این ایس

کراچی(پ ر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جاوید مہر شمسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اراکین نے پی -آئی-ڈی کی طرف سے سندھ کے اخبارات کو نظر انداز کرنے اور بروقت ادائیگی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اخبارات بقاءکے مسائل سے دوچار ہوگئے ہیں۔اراکین نے مطالبہ کیا کہ پی-آئی-ڈی کے جاری کردہ اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے ۔اجلاس میں اراکین نے اخبارات کے دیرینہ مسائل پر محکمہ اطلاعات سندھ کی عدم توجہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے اخبارات و جرائد کو اشتہارات کا اجراءطے شدہ حجم کے برعکس کم ترین سطح پر آگیا ہے جبکہ اشتہارات کے اجراءمیں اے پی این ایس رکن مطبوعات کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کیلئے اشتہارات کا حجم بڑھایا جائے تاکہ وہ اپنی اشاعت برقرار رکھ سکیں۔ کمیٹی کے اراکین نے نان بجٹڈ اشتہارات کی ادائیگی کے نظام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرانا نظام بحال کیا جائے اور حسب سابق ان اشتہارات کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے کی جائے ۔ اجلاس نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سند ھ کی طرف سے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار ہے۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ واجبات کی ادائیگی جلد از جلد کی جائے۔اجلاس میں مندرجہ ذیل اراکین نے شرکت فرمائی: جاوید مہر شمسی چیئرمین ، یونس مہر نائب چیئرمین(روزنامہ ہلچل)، ڈاکٹر جبار خٹک(روزنامہ عوامی آواز)، ممتاز علی پھلپوٹو(روزنامہ عوامی پرچار)، علی بن یونس(روزنامہ بیوپار)، شبیر حسین(روزنامہ عبرت)، سید اکبر طاہر(روزنامہ جسارت)، حسینہ جتوئی(روزنامہ مومل)، رفیق احمد پیر زادہ (روزنامہ پاک سندھ) ، ناصر داد بلوچ(روزنامہ سندھ سجاگ)، امتیاز اخترقاضی(روزنامہ تعمیر سندھ) اور شاہد ساٹی (روزنامہ وطن گجراتی)۔ زاہدہ عباسی (روزنامہ نوسج) اور بلال فاروقی (روزنامہ آغاز ) نے بذریعہ زوم شرکت فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں