غزہ میں شدید بارشوں کے دوران بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد شہید

غزہ میں شدید بارشوں کے دوران بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی شب وسطی غزہ بے گھر خاندانوں کے لیے قائم ایک کیمپ میں پیش آیا، شہید ہونے والوں میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ واقعے کے بعد 5 زخمیوں کو بھی ملبے سے نکالا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی لوگ اور امدادی کارکن موبائل فون کی ٹارچز کی روشنی میں چٹانوں، ریت اور گرے ہوئے خیموں کے نیچے دبے زندہ بچ جانے والے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے اس حادثے کو ایک انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیمیں بے گھر افراد کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے اور ان کے خیموں کو ریتلے علاقوں، ڈھلوانوں اور مٹی کھسکنے کے خطرے والے مقامات سے دور منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں غزہ بھر میں ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے تھے۔ غزہ کے شہری دفاع کے مطابق بعض مقامات پر پانی کی سطح تقریباً 5 فٹ تک پہنچ گئی تھی اور ان کے امدادی کارکن موصول ہونے والی 2100 ہنگامی کالز میں سے صرف 10 فیصد پر ہی رسپانس دے سکے۔محکمہ شہری دفاع نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’بے گھر افراد کی جانوں کا تحفظ ایک فوری انسانی ذمہ داری ہے۔ ان کے خیموں کو ریت اور بارش کے پانی کے نیچے موت کے پھندے نہیں بننا چاہیے‘۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہو چکی ہیں۔ غزہ کے 19 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جن میں سے کئی تو متعدد بار نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ 12 لاکھ افراد اس وقت خیموں یا عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔اقوام متحدہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ اسرائیلی فضائی حملے اور دیگر کارروائیاں تاحال گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جس سے جانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ مزید نقل مکانی بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں