خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی و گورنر راج پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن رہنماﺅں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کو کل پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ (آج)جمعہ کو میں خود، اختر مینگل سمیت تین لوگ سینئر شہری کی حیثیت سے پشاور جائیں گے اور حکومتی اقدام چیلنج کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اپوزیشن کے 56اراکین نے آج ایمرجنسی اور گورنر راج کی بھرپور مخالفت کی، غیرآئینی اور غیر قانونی طریقے سے حکومت ختم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صوبے یا پی ٹی آئی کا نہیں وفاق کا معاملہ ہے، وقت ثابت کرے گا یہ غلط فیصلہ تھا، آپ کے کچھ لوگ نہیں چاہتے تھے کہ مذاکرات کامیاب ہوں کیونکہ وہ حکومت گرانا چاہتے تھے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ نے انتظامیہ تبدیل کی، آپ نے وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور ارکان کو گرفتار کیا، کیا یہ آئین کے تحت ایمرجنسی تھی یا ماورائے آئین ایمرجنسی تھی، ہم نے معاہدے میں لکھا تھا کہ بانی کے ذاتی ڈاکٹر ملیں اور ہم چاہتے تھے کہ محمود اچکزئی اور دیگر رفقا اور وکلا بھی ملاقات کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک حکومتی ٹولہ چاہتا تھا کہ مذاکرات کامیاب نہ ہوں، وزیر اعظم خود فیصلہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں