دینِ اسلام کی دعوت، اصلاحِ معاشرہ اور انسانیت کی خدمت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ:مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی گوادر کے عظیم الشان تبلیغی اجتماع میں شرکت، تھیلسیما سینٹرز کے کیمپوں کا دورہ، خون کا عطیہ قائد حق دو تحریک بلوچستان و ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گزشتہ روز گوادر میں منعقد ہونے والے عظیم الشان تبلیغی اجتماع میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجتماع گاہ میں بڑی تعداد میں فرزندانِ اسلام کی شرکت پر انہوں نے خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اجتماع کے منتظمین، علمائے کرام اور شرکائ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ دینِ اسلام کی دعوت، اصلاحِ معاشرہ اور انسانیت کی خدمت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ایسے اجتماعات سے لوگوں میں دینی شعور، اخوت، بھائی چارے اور ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔ انہوں نے اجتماع کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے علمائ ، دینی و سماجی اداروں اور عوام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اجتماع گاہ میں قائم تربت اور گوادر کے تھیلسیما سینٹرز کے دونوں کیمپوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپوں میں موجود منتظمین، طبی عملے اور رضاکاروں سے ملاقات کی اور تھیلسیما کے مریضوں کے لیے خون کی فراہمی اور دیگر خدمات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھیلسیما کے مریضوں اور ان کے خاندانوں کی مدد انسانیت کی بڑی خدمت ہے۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے خود بھی خون کا عطیہ دیا اور کہا کہ خون کا عطیہ ایک انسانی جان بچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ معاشرے کے صحت مند افراد کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے خون عطیہ کریں تاکہ تھیلسیما سمیت دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تھیلسیما کے مریض خصوصاً بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، ان کی زندگی بچانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنی استطاعت کے مطابق کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مخیر حضرات، نوجوانوں اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ تھیلسیما سینٹرز کے ساتھ تعاون کریں اور خون کے عطیات کے لیے آگاہی مہمات میں بھرپور حصہ لیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان کے عوام میں خدمتِ خلق کا جذبہ موجود ہے، اسے منظم اور مو¿ثر انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت، مریضوں کی مدد اور ضرورت مندوں کا سہارا بننا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں